منگلورو :16؍مارچ (ایس او نیوز) دکشن کنڑا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوک سبھا انتخابات میں عوام الناس میں ووٹوں کے تعلق سے بیداری پیدار کرنے اور سو فیصد ووٹنگ کو یقینی بنانے کے تعلق سے کئی نوعیت کے پروگرام تشکیل دئے گئے ہیں جس میں پہلی مرتبہ 10جگہوں پر عمررسیدہ لوگوں کے لئے الگ پولنگ بوتھ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلع جنوبی کینرا کی سویپ کمیٹی کے صدر اورضلع پنچایت چیف ایکزی کوٹیو آفسر سلومنی آر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ عمر رسیدہ لوگوں کے لئے اُن کے لئے الگ پولنگ بوتھ کا انتظام ہوگا جہاں وھیل چئیر، واکر، واکنگ اسٹک سمیت کئی طرح کی سہولیات فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر حلقہ جات سے موازنہ کریں تواس ضلع نے گزشتہ ہوئے مختلف انتخابات میں سب سے زیادہ پولنگ کی شرح ریکارڈ کی ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس مرتبہ سو فیصد نہیں تو کم سے کم 90فی صد ضرور ریکارڈ کی جائے گی، جس کے لئے عوام میں بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔
ضلع بھر میں رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کے لئے ضلع کے پی یو کالجس، ڈگری کالجس ، میڈیکل کالجس اور پالی ٹکنک کالجس وغیرہ میں ووٹر اسوسی ایشن کا قیام، سرکاری فرسٹ گریڈ ڈگری کالجوں میں کیمپس سفیروں کی نامزدگی، سرکاری، امدادی ،کوآپریٹیو سوسائٹیوں اور دفاتر میں ووٹر بیداری ویدیکے کا قیام کیا جارہا ہے۔
سلومنی نے مزید بتایا کہ 1861پولنگ بوتھوں پر چناؤ پاٹھ شالہ، امدادی مرکز، سوشیل میڈیا کا استعمال ، انسانی زنجیر، سائیکلو تھان، میاراتھان، ریت پر مصوری کا فنی مقابلہ، دو خاتون دوست پولنگ مراکز کا قیام، دو اپاہج دوست ووٹنگ بوتھ، 5روایتی پولنگ بوتھ سمیت مختلف پروگرامات تشکیل دئے گئے ہیں ۔ 18کلومیٹر کا سائیکلو تھان اور میاراتھان، 23اور24مارچ کو ساحل پر پتنگ اتسوا کے ذریعے رائے دہندگان کو ووٹنگ کے لئے ترغیب دینےکی کوشش کی جائے گی۔
ضلع کے دیگر مقامات سے شہری اپارٹمنٹس کا موازنہ کرتے ہوئے جن اپارٹمنٹس میں کم ووٹنگ ہوئی ہے ایسے اپارٹمنٹس کے ووٹرس کو ترغیب دینے کے لئے خصوصی پروگرام ترتیب دئے گئے ہیں ۔ اپارٹمنٹس کے ووٹر س کو رائے دہی مرکز تک لانے کے لئے زیادہ توجہ دی جائے گی، 100فی صد ووٹنگ درج کرنے والے اپارٹمنٹس کو یادگار ، میمونٹو، شیلڈ وغیرہ سے نوازے جانے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
25پنک پولنگ بوتھ: جن پولنگ بوتھوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے ایسے 25منتخب پولنگ بوتھوں کو پنک پولنگ بوتھ بنایا جائے گا۔ متعلقہ پولنگ بوتھوں میں صرف خاتون عملہ کو متعین کیا جائے گا۔ اپاہجوں کے لئے چند پولنگ بوتھوں پر رامپ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔